• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج رات سردی کی شدت بڑھنے کا امکان


کراچی کو سرد ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج رات سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

کراچی میں ہواؤں کی رفتار تیز ہو کر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 1 روز قبل ہونے والی بارش کےبعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں آج صبح سویرے درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت درجۂ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

کراچی میں آج رات سردی کی شدت بڑھنے کا امکان
کراچی میں تیز ہوائیں چلنے اور موسم سرد ہونے کے باوجود لوگ ساحل سمندر کا رخ کر رہے ہیں (تصاویر: سہیل رفیق)

کراچی میں چلنے والی سرد ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

وادیٔ کوئٹہ میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے 4 درجے تک گر گیا ہے، سردی کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں گزشتہ روز کی نسبت سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، آج صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سردی کی شدت کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا، یخ بستہ موسم میں بھی گراؤنڈز اور پارکوں میں نوجوانوں اور معمر افراد کا معمول کی واک اور ایکسرسائز کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب سردی میں اضافے کے باوجود سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ برقرار ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر بیشتر شہروں میں بھی موسم مزید سرد ہوگیا ہے، آج قلات میں درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ژوب میں درجۂ حرارت ایک، دالبندین میں 2، نوکنڈی میں 3، پنجگور اور خضدار میں 4، سبی میں 7، گوادر میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے بارش کے بعد موسم سرد ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تازہ ترین