• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوڈان کے سابق وزیر اعظم کورونا سے انتقال کرگئے

سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی عالمی وباء کورونا وائرس سے انتقال کرگئے، وہ پچھلے تین ہفتے سے متحد ہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے اہم رہنما اورسابق وزیر اعظم 84 سالہ صادق المہدی کے اہل خانہ اور پارٹی ذرائع کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے  کہ صادق المہدی جمعرات کو انتقال کرگئے، وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں تین ہفتے قبل متحدہ عرب امارات میں ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

فوج نے 1989میں صادق المہدی کا تختہ پلٹ دیا تھا اور ان کی جگہ سابق صدر عمر البشیرکو اقتدار پر بٹھا دیا تھا۔ اقتدار سے معزول کر دیے جانے کے باوجود صادق المہدی سوڈان کی سیاست میں کافی موثر شخصیت رہے۔ عمر البشیر کے دور میں مہدی کی اعتدال پسند اُمّہ پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن سیاسی جماعت رہی۔

گزشتہ ماہ صادق المہدی کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے اور اُنہیں سوڈان میں چند دنوں اسپتال میں رکھنے کے بعد بہتر علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم صادق المہدی کی جماعت اُمّہ پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہدی کی تدفینجمعے کو سوڈان کےشہر عمدرمان میں کی جائے گی۔

صادق المہدی ایک برس کی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد دسمبر 2018 میں سوڈان واپس لوٹے تھے۔ اس وقت ملک کیخراب اقتصادی حالت اور بشیر کی حکومت کے خلاف مظاہروں میں کافی شدت پیدا ہوچکی تھی۔

صادق المہدی کی بیٹی اور اُمّہ پارٹی کی نائب رہنما مریم صادق المہدی بھی ان افراد میں شامل تھیں جنہیں مظاہروں کے دوران گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اُمّہ پارٹی نے صادق المہدی کے جانشین کا ابھی تک اعلان نہیں کیا ہے ،تاہم اُن کی بیٹی حالیہ برسوں میں سیاسی مذاکرات اور میڈیا میں سب سے نمایاں رہی ہیں۔

تازہ ترین