• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں کورونا سے 7896 اموات اور 5 لاکھ 94 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکا میں سب سے زیادہ 835 افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ اٹلی میں 630 اور پولینڈ میں 540 اموات ریکارڈ ہوئیں۔

روس نے اپنی کورونا ویکسین کے 95 فیصد مؤثر ہونے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ اسپٹنک فائیو ویکسین کی جنوری 2021 سے بین الاقوامی ترسیل شروع کر دی جائے گی۔

روسی حکام کے مطابق ٹرائلز کے دوران مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔ یہ ویکسین روسی شہریوں کے لئے مفت ہوگی۔ 

اُدھر آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین بھی 70 سے 90 فیصد مؤثر پائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دیگر ویکسینز کے مقابلے میں کافی سستی ہے اور اسے ذخیرہ کرنا اور دنیا بھر میں پہنچانا بھی آسان ہوگا۔ 


برطانوی حکومت نے اس ویکسین کی 100 ملین ڈوز (خوراک) کا قبل از وقت آرڈر دے دیا ہے اور اگلے سال اس کی 3 ارب ڈوز تیار کی جائیں گی۔ اس ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت تقریباً ساڑھے چھ سو روپے رکھی گئی ہے۔

کوویڈ 19 کی سنگینی کے باعث ملائیشیا نے لیٹکس دستانوں کی فیکٹریوں کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملائیشیا دنیا کا سب سے بڑا لیٹکس دستانے تیار کرنے والا ملک ہے۔ 

دوسری جانب میکسیکو کے رومن کیتھولک چرچ نے دنیا کے سب سے بڑے کیتھولک اجتماع کو اس سال منسوخ کر دیا ہے۔

امریکا میں لاس اینجلس کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ کرسمس تک شہر کے اسپتالوں میں جگہ ختم ہوسکتی ہے۔ 

چین میں بھی کورونا وائرس کے مقامی منتقلی کیسز ایک بار پھر سامنے آنے پر شنگھائی سمیت تین شہروں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ شروع کردی گئی ہے۔ ہزاروں ایئرپورٹ اسٹاف کے ٹیسٹ بھی ہوئے اور 500 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

تازہ ترین