پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اللّہ تعالی بلاول بھٹو زرداری کو جلد صحت عطا فرمائے۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ یہ کیسا ظلم ہے کہ خود وڈیو لنک پر اور عوام کو سڑکوں پر لارہے ہیں، بلاول بھٹو اپنا خیال رکھنے کے ساتھ عوام کا بھی خیال رکھیں، کچھ ان کا بھی سوچیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ ہوش کے ناخن لیں، ان جلسوں کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ صرف نقصان ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کروں گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں اپنی رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا، تمام لوگ جلسے میں ماسک پہن کر آئیں، میں آپ کا منتظر ہوں گا۔