• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا ٹیسٹ پازیٹو ہونے کی تصدیق کر دی۔

اس حوالے سےاپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نےخود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کروں گا۔ 

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں اپنی رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا، تمام لوگ جلسے میں ماسک پہن کر آئیں، میں آپ کا منتظر ہوں گا۔

علی موسٰی گیلانی کی گرفتاری سے متعلق اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ حکومت بوکھلاچکی ہے اور یہ جان چکی ہے کہ عوام سلیکٹڈ حکومت کے بجائے جمہوریت کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہماری راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، احتجاج ہماراجمہوری حق ہے اور30 نومبر کو جوبھی ہو،ہم یہ حق حاصل کرکے رہیں گے۔


واضح رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ آج آئی ہے۔ قبل ازیں ان کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا تھا جس کے بعد بلاول بھٹو نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں۔

کل (جمعہ کو) بلاول کی بڑی بہن بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب اُن کے گھر بلاول ہاؤس پر منعقد کی گئی ہے جس میں اب وہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔

بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر محمود چوہدری اور اُن کے خاندان کے افراد آج کراچی پہنچیں گے۔

تازہ ترین