وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا پر سیاست کرنا المیہ ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی اہم ترین قومی مسائل پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ قوم کورونا وباء کے باوجود منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
اپنے بیان میں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کورونا وباء میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
اس حوالے سےاپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نےخود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کروں گا۔