• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس ویلفیئرہسپتالوں کے قیام کیلئے مقامات کی نشاندہی کی ہدایت

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس ملازمین کے لئےتین ویلفیئر ہسپتالوں کے قیام بارے مناسب مقامات کی نشاندہی کی جائے۔ اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی پولیس ویلفیئرپنجاب نے صوبہ کے تمام آرپی اوزاورپولیس یونٹوں کے سربراہوں کومراسلہ جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق مراسلے میں کہاگیاہےآئی جی نے ترجیحی طور پر وسطی ، بالائی اور جنوبی پنجاب میں پولیس ویلفئیرفنڈسے کم از کم تین سٹیٹ آف آرٹ پولیس ویلفیئر ہسپتال قائم کرنے کی خواہش کااظہارکیاہے۔اس حوالے سے آپ اپنے علاقہ میں ایسی مناسب جگہ کاانتخاب کرکے سینٹرل پولیس آفس لاہورکوآگاہ کریں۔ مطلوبہ جگہ پولیس یاپنجاب حکومت کی ملکیت ہونی چاہئے اوراس کاقبضہ پولیس کے پاس ہواوراراضی مذکورہ کسی قسم کی قانونی پیچیدگیوں سے پاک ہو۔ اس حوالے سے جلدازجلدسی پی اوآفس لاہورکومطلع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہاں یہ امرقابلِ ذکرہے کہ مسلم لیگ ن کے دورِحکومت میں اس وقت کے وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے راولپنڈی پولیس لائن میں منعقدہ دربارمیں پولیس ہسپتال بنانے کااعلان کیاتھا جس کے لئے پولیس لائن راولپنڈی میں ایم ٹی سیکشن کے قریب 8کنال زمین منتخب کی گئی تھی اوراس ضمن میں پی سی ون بھی تیارہواتھاجس کے مطابق تخمینہ لاگت تقریباً35کروڑروپے سے زیادہ لگایاگیاتھا لیکن اتنی خطیر رقم فوری دستیاب نہ ہونے پریہ منصوبہ پنپ نہ سکا۔
تازہ ترین