پشاور (نیوز ڈیسک)عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے جس کیلئے حکومت خیبرپختونخوا تمام تر وسائل بروئے کارلارہی ہے۔تمام محکموں کے افسر عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ محمد فواد نے فائل ٹریکنگ سسٹم ورژن ٹو کے حوالے سے منعقدہ ایک ورکشاپ میں تمام محکموں کے فوکل پرسنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ محمد فواد کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم آر یو ڈاکٹر عاکف خان،اصغر خان اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی غلام سرور سمیت تمام محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔محمد فواد نے شرکاء سے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے سرکاری امور کو جلداز جلد نمٹانے اور شہریوں یا محکموں کی جانب سے جمع کردہ درخواستوں یا فائلوں کا اسٹیٹس معلوم کرنے کیلئے فائل ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا تھا اب اس سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس کا ورژن ٹو تیار کیا گیا جس سے دفاتر میں فائلوں اور درخواستوں پر کام مزید تیز اور آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے فوکل پرسنز سے کہا کہ پہلے سرکاری دفاتر میں فائلوں اور درخواستوں کی نگرانی کیلئے کوئی خاص سسٹم موجود نہیں تھا اور درخواست اور فائلیں سالہاسال پڑی رہتی تھی۔اس سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے مختلف ڈیپارٹمنٹس نے تجاویز پیش کیں جس کے مطابق اس سسٹم میں نئے فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔پی ایم آر یو کی ٹیکنیکل ٹیم بہت جلد اس کیلئے موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرائے گی جس سے ٹریکنگ میں مزید آسانی ہوگی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم آر یو ڈاکٹر عاکف خان نے تمام محکموں کے فوکل پرسنز کو کہا کہ فائل یا درخواست لیتے وقت کسی بھی شہری یا محکمے کو بار کوڈ لازمی دیا جائے گا جس سے وہ باآسانی اپنی درخواست یا فائل ٹریک کرسکیں گے۔حکومت خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ کسی محکمہ یا آفیسر کے پاس فائل یا درخواست مقررہ وقت سے زائد عرصہ پڑے رہنے پر مذکورہ محکمے یا آفیسر سے جواب طلب کیا جائے گا۔ سرکاری افسران یا فوکل پرسنز کسی بھی وقت فائل ٹریکنگ سسٹم کے حوالے سے چیف سیکرٹری آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔