آپ آف لائن ہیں
اتوار3؍جمادی الثانی 1442ھ 17؍جنوری2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

بختاور بھٹو کی جانب سے ’آفیشلی انگیجڈ‘ کا ٹوئٹ

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کی ہفتے کو بلاول ہاؤس کراچی میں رسم منگنی ادا کی گئی۔

تقریب کے بعد بختاور بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے منگیتر محمود چودھری کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر ہیش ٹیگ ’آفیشلی انگیجڈ‘ (باضابطہ طور پر منگنی کی رسم ادا کردی گئی) کے ساتھ شیئر کی۔

تصویر کے پس منظر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی موجود ہے۔

اس موقع پر بختاور اور محمود چودھری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی، تقریب میں 100 سے 150 مہمان شریک ہوئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹروں کے مشورے سے اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے تھے۔

جبکہ بختاور کے بھائی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو جو کہ کورونا وائرس آئسولیشن کے باعث تقریب میں ورچوئلی شریک ہوئے۔

تقریب میں شریک محمود چودھری کے اہلخانہ کا وفد 12 سے15 افراد پر مشتمل تھا۔ تقریب میں بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض حسین، فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شیری رحمان، انور مجید سمیت دیگر شخصیات بھی بلاول ہاؤس میں موجود تھیں۔ 


تقریب میں متحدہ عرب امارات سے غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔ منگنی کی تقریب میں مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور انگریزی کھانوں سے کی گئی۔ اس موقع پر بختاور بھٹو اور محمود چودھری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔

سابق صدر آصف زرداری تمام وقت تقریب میں مہمانوں سے ملتے اور مبارکباد وصول کرتے رہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے انٹرنیٹ پرموجود بلاول بھٹو کو مہمانوں سے ملوایا، جس پر بلاول بھٹو نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید