• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تشدد کرنیوالا کبھی ہیرو نہیں ہوسکتا، کہانی بدلنے کی ضرورت ہے، ماہرہ خان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ معاشرے کی سوچ کوتبدیل کرنے کے لیے ہمیں اپنی فلموں اورڈراموں میں دکھائی جانے والی کہانیوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔

اداکارہ ماہرہ خان نےبرطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جنسی تشدد سے متعلق کہا کہ اس تشدد کے خلاف بہت سی آوازیں بلند ہوتی ہیں، لوگ سڑکوں پرآتے ہیں لیکن پھریہ سب بھلادیا جاتا ہے، اس کے بعد پھرکوئی خبرآتی ہے، پھریہ ہی سب ہوتا ہے لیکن ہم اپنی عوام کو تربیت دینے کے لیے تیارنہیں ہیں۔ ہمیں ایسے پروگرامز بنانے چاہیئں جس سے بچوں کی تربیت ہو لیکن ہم اس کے بارے میں کھل کربات کرنے کے لئے بھی تیار نہیں۔ 

اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ٹی وی سیریز اور فلموں میں موجود کہانی بدلنی چاہیئے۔ ہم صرف یہ نہیں دکھا سکتے کہ کہ عورت پر ظلم ہورہا ہے۔ اورپھرعورت کو اس ہی شخص سے محبت ہوجائے اوراسی شخص کوہم ہیرو بھی دکھاتے ہیں۔ تشدد کرنے والا شخص ہیرو نہیں ہوسکتا۔ ہمیں کہانی بدلنے کی ضرورت ہے اوریہاں میں بھی ذمہ داری لیتی ہوں کیونکہ میں بھی میڈیا کا حصہ ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھ سے بہت سی رنگ گورا کرنے والی کریموں اورمصنوعات کے لیے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایسے پروڈکٹ کا حصہ بن کر میں ایک ایسے خیال کی توثیق کررہی ہوں کہ گہرے رنگ کی لڑکی لڑکا یا کوئی بھی اتنا خوبصورت یا پرکشش نہیں ہوتا جتنا ایک گورے رنگ کا حامل شخص خوبصورت ہوتا ہے۔ دراصل مجھے کبھی یہ بات سمجھ نہیں آتی۔

تازہ ترین