• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کی تعمیر میں ہمیں چند چیزوں کا خیال لازمی رکھنا چاہیے جیسے کہ پائیداری کو ضرور مدِ نظر رکھیں کیونکہ گھر صرف آپ ہی نہیں بلکہ آنے والی نسلیں بھی استعمال کریں گی۔ اس کے علاوہ، گھر کا ایسا نقشہ بنوانے پر زور دیا جاتا ہے، جس میں گھر کے کمروں کو بڑا رکھا جائے اور مروجہ تعمیراتی قوانین پر بھی سمجھوتا نہ ہو۔ گھر کی سیکیورٹی کے پہلو کو بھی مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ جدید گھروں میں قدرتی روشنی اور ہوا کی گزر کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ 

گھر کو خوبصورت بنانے کا کام تعمیر مکمل ہونے کے بعد، گھر کی اندرونی تزئین و آرائش کے وقت کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ تاہم آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ جہاں گھر کی خوبصورتی کے لیے انٹیریئر ڈیزائننگ انتہائی اہم ہے، وہاں دورانِ تعمیر چند چیزوں پر کام کرکے گھر کی بیرونی دلکشی کو بھی چار چاند لگائے جاسکتے ہیں۔ گھرکی بیرونی دلکشی کے لیےچند بنیادی نوعیت کے پہلو غور طلب ہیں۔

بیرونی حصہ کیسے بنایا جائے؟

گھر کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا ایک پیچیدہ عمل ثابت ہو سکتا ہے کیوں کہ اِس میں رنگوں، مواد، اور مختلف زاویاتی شکلوں کی بڑی تعداد استعمال ہوتی ہے۔ ایک معمار ہی یہ ذمہ داری صحیح طریقے سے نبھا سکتا ہے۔

بیرونی حصے کا انداز چننا

پہلا قدم گھر کے بیرونی حصے کا انداز چننا ہوتا ہے۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی اور گھریلو انداز میں سے کون سا انداز اپنانا چاہتے ہیں تو اس کے بعد مواد کے انتخاب کی باری آتی ہے۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے انتخاب موجود ہیں، جن میں سے آپ ایک یا زائد کوچُن سکتے ہیں۔ ایک بار جب آپ ان تمام بنیادی عوامل پر غور کرلیں، تو اس کے بعد باری آتی ہے اپنی سوچ کو عملی شکل دینے کی۔

مرکزی دروازہ

کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لیے مرکزی دروازہ استعمال کیا جاتا ہے۔ آج کے جدید دور میں عام طور پر مرکزی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایک چھوٹا گیٹ پیدل گزرنے کے لیے اور دوسرا بڑا گیٹ گاڑی وغیرہ کے لیے۔ مرکزی دروازہ ناصرف آپ کے مہمانوں کو متاثر کرتا ہے، بلکہ گھر کے باہرسے گزرنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ آپ مرکزی دروازے کے لیے لکڑی کا انتخاب کریں یا پھر لوہے کا ، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس کا سائز اور ڈیزائن دیکھنے والے کو متاثر کرے۔

خوبصورت بیرونی دیوار

آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لیے دلکش انداز کی دیوار بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مارکیٹ میں نت نئے اسٹائل کا تعمیراتی مواد موجودہے، جیسا کہ مختلف نوعیت کا پتھر، پتھر کی اینٹیں یا لال اینٹیں وغیرہ۔

اسٹائلش چھت

اپنے گھر کی بیرونی وضع کو نمایاں اور خوبصورت بنانے کے لیے اس کے ڈیزائن میں انوکھا پن لائیں جو کہ دیکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہو۔ اپنے گھر کی چھت کو تکونی شکل میں ڈیزائن کریں، یہ ایک جدید اور منفرد اسٹائل ہے۔ اس قسم کی چھت کے اسٹائل میں بالکونی میں کھڑے ہو کر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے خالی جگہ چھوڑ دیں۔ یہ نا صرف گھر کی بناوٹ میں دلکشی پیدا کرے گی بلکہ اس سے یہ منفرد اسٹائل کی صورت میں سامنے آجائے گا۔

دیہی اسٹائل

گھر کی بناوٹ میں آپ دیہی اسٹائل کو بھی اپناسکتے ہیں۔ گھر کی بنیادوں میں پتھروں کا استعمال کریں۔ اس سے گھر مضبوط ہونے کے ساتھ دیہی اسٹائل میں بھی ڈھل جائے گا۔ برآمدے کو لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ دیں اور اسے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے استعمال کریں۔ برآمدے کے کناروں پر بید کی بنی باڑ استعمال کریں اور اسے قدرتی رنگ دینے کے لیے ان پر خوبصورت پودوں کے گملے لٹکائیں۔

پُرتعیش ڈیزائن

گھر میں داخل ہونے کے لیے خوبصورت سیڑھیوں کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ دلکش آہنی ریلنگ سے مزین ہوتی ہیں۔ برآمدے کی چھت پر ہلکے نیلے رنگ کا استعمال گھر کو نہایت دیدہ زیب بنا تا ہے۔ گھر میں داخلے کے لیے سرکنے والے شیشوں کے دروازے اسے جدت پذیر اور پُرتعیش بنا تے ہیں۔ گھر میں قدرتی آب وہوا سے تر وتازہ ہونے کے لیے آپ خوبصورت لان بھی بنواسکتے ہیں۔

استقبالی پودے

گھر کے بیرونی حصے کو مزید خوشگوار اوردلفریب بنانے کے لیےاس میں خوبصورت پھولوں والے پودے لگائیں۔ مرکزی دروازے کے ساتھ سر سبز پودے کا گملہ رکھ دیں۔ یہ بیرونی ماحول میں ایک دلکش قدرتی اضافہ کر ے گا۔ اگر گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ جگہ موجود ہو تو ایک چھوٹی سی پھولوں کی کیاری ڈیزائن کریں، جس میںلگے رنگ برنگے دلکش پھول آنے والے مہمانوں پر ایک اچھا تاثر چھوڑیں گے۔

تازہ ترین