• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں بطور پریس قونصلر خدمات انجام دینے والے اشفاق خلیل پاکستان آنے کیلئے تیار

سفارتخانہ پاکستان میں 4 سال تک بطور پریس قونصلر خدمات انجام دینے والے اشفاق خلیل جاپان میں اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد پاکستان روانہ ہونےکے لیے تیار ہیں۔

اس حوالے سے جاپان میں صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے اشفاق خلیل کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صحافتی برادری کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور اشفاق خلیل کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر نے اپنے افتتاحی خطاب میں اشفاق خلیل کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اشفاق خلیل نے بطور پریس قونصلر اپنی خدمات بہترین طریقے سے سر انجام دی ہیں، انہوں نے جاپانی میڈیا میں پاکستان کے مفادات کا تحفظ بھرپور طریقے سے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اشفاق خلیل نے بھارتی لابی کے انتہائی مضبوط ہونے کے باوجود پاکستان مخالف خبروں کے سد باب کے لیے ہمیشہ متحرک کردار ادا کیا ہے اور کشمیر کے حوالے سے جاپانی عوام اور میڈیا میں آگہی فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ان چار سالوں میں پاکستان کے صدر اور دیگر وزراء کے دورہ جاپان کے موقع پر ان کے جاپانی ٹی وی چینل اور اخبارات میں انٹرویوز اور خبروں کی اشاعت میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، جس کے لیے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔

اس موقع پر کشمیر یک جہتی فورم کے صدر شاہد مجید نے بھی اشفاق خلیل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے مفادات کے تحفظ کے لیے اشفاق خلیل کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔

نون لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اشفاق خلیل کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ مستقبل میں بھی اشفاق خلیل پاکستان کے لیے اپنی بہترین خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

نون لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی اشفاق خلیل کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ ہم خیال گروپ کے صدر ملک سلیم بوئیکی نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اشفاق خلیل ایک بار پھر جاپان میں اپنی خدمات انجام دیں۔

پاکستان چیمپبر آف کامرس کے صدر مہر عظیم نے کہا کہ اشفاق خلیل کی ذمے داریوں میں کمیونٹی سے تعلق شامل نہ تھا لیکن کمیونٹی کا ہر فرد ان کے بہترین کردار اور خدمات کے سبب انہیں ذاتی طور پر جانتا ہے جو قابلِ تعریف ہے، ہم ان کے بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہیں۔

معروف کاروباری شخصیت اسد نواز نے کہا کہ اشفاق خلیل نے جاپانی میڈیا میں پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

صحیم عباسی نے اشفاق خلیل کو کامیاب چار سال جاپان میں گزارنے پر مبارکباد پیش کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

معروف دینی و سماجی شخصیت انعام الحق نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اشفاق خلیل مزید ترقی کریں اور ایک دفعہ پھر جاپان میں تعینات ہوں۔

پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر عبدالرحیم آرائیں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ انفارمیشن منسٹری میں اشفاق خلیل جیسے افسران موجود ہیں جو ہر وقت ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے چاق و چوبند رہتے ہیں ہم ان کے بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہیں۔

تقریب کے آخر میں اشفاق خلیل نے اپنے خطاب میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب اور پاکستانی کمیونٹی کا اس شاندار تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں گزارا ہوا وقت انہیں زندگی بھر یاد رہے گا جہاں ان کو نہ صرف بہترین سفارتی افسران بلکہ دنیا کی بہترین پاکستانی کمیونٹی کا پیار بھی ملا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی مفادات کا جاپانی میڈیا میں تحفظ ان کا فرض تھا جسے بہترین طریقے سے نبھانے کی انہوں نے بھرپور کوشش کی ہے اور مستقبل میں بھی وہ جہاں بھی ہوں اپنی ذمہ داریاں اسی طرح نبھاتے رہیں گے۔

اشفاق خلیل نے جاپان میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید خان اور موجودہ سفیر امتیاز احمد کا بھرپور تعاون فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور آخر میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب اور کشمیر یکجہتی کونسل کی جانب سے اشفاق خلیل کو ان کی خدمات کے صلے میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تازہ ترین