• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ، ایک اور پاکستانی کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار، مجموعی طور پر سات کھلاڑی کورونا میں مبتلا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑیوں کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔ہفتے کو آنے والی نئی کوویڈ19رپورٹ میں ایک اور فاسٹ بولر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اس طرح مجموعی طور پر سات کھلاڑی کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے آئسو لیٹ کردیئے گئے ہیں جبکہ ان کھلاڑیوں کے قریب رہنے والوں کے بعد ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔اس سے قبل دو فاسٹ بولر محمد عباس اور نسیم شاہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔پاکستان کرکٹ اسکواڈ چار روز قبل نیوزی لینڈ پہنچا جہاں پورے اسکواڈ کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کیئے گئے، پہلے ٹیسٹ کے نتیجے میں 6 افراد کی رپورٹ مثبت آئی تھی جنہیں الگ قرنطینہ کر دیا گیاتھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ کا اگلا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پیر کو ہو گا، نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل ارکان کے دوسرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے، جس کے بعد کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے آئسولیشن میں نرمی کر دی گئی۔وزرات صحت کی طرف سے مقرر کردہ آفیسر اس بات کی تسلی کرے گا کہ ان کرکٹرزسے کسی دوسرے کووائرس منتقل ہونے کا اب خطرہ نہیں۔ اس کے بعد ٹریننگ کی اجازت مل سکتی یے۔ اب پاکستانی دستے کی کوویڈ ٹیسٹنگ تین روزبعد ہوگی ۔پاکستان ٹیم کے تین روز بعد پھر کورونا ٹیسٹ ہوں گے اور پاکستانی اسکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ اگلے ہفتے تک ہو گا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی پاکستانی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو وارننگ دی تھی کہ اگر اب پاکستانی کھلاڑیوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تو پاکستانی ٹیم کو واپس بھیج دیا جائے گا۔سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی نے اس معاملے میں کمزوری دکھائی ہے۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جگہ ہوتے تو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو جواب دیتے کہ ہم بھی آپ سے پانچ سال تک کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ہمیں آپ کی ضرورت نہیں ہے، ہماری کرکٹ ختم نہیں ہو رہی، بلکہ آپ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی ضرورت ہے کیونکہ براڈکاسٹنگ کے پیسے آپ کو ملیں گے ہمیں نہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے دورانِ سفر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں کھلاڑیوں نے مناسب انداز میں ماسک ناک تک نہیں پہن رکھے تھے، پی سی بی نے بھی یہ ویڈیو ٹویٹ کی تاہم کھلاڑیوں کے مثبت ٹیسٹ آنے اور نیوزی لینڈ بورڈ کی وارننگ کے بعد اسے سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا ہے۔ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا تھا کہ حارث سہیل نے دوران پرواز ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔

تازہ ترین