اپوزیشن کی سب بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خیبر پختون خوا کے ترجمان اختیار ولی نے کہا ہے کہ عمران خان کے گھبرانے کے بعد اب ان کے گھر جانے کا وقت آچکا ہے۔
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کے منتظمین کے خلاف مقدمے کے اندراج پر ن لیگ کا ردِعمل سامنے آگیا ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت کے خلاف مقدمات فاشسٹ حکومت کا فاشسٹ اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گھبرانے کے بعد اب ان کے گھر جانے کا وقت آچکا ہے، حکومت سے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مقدمات واپس لیے جائیں ورنہ تحریک انصاف دست بدست لڑائی کے لیے تیار ہوجائے، ہم کسی وزیر یا مشیر کو گھر سے باہر نہیں نکلنے دیں گے۔
اختیار ولی نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا فوری اعلان کیا جائے۔