• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت خطرناک ہے تو پی ڈی ایم اس سے زیادہ خوفناک، حسن نثار


کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ حکومت خطرناک ہے تو پی ڈی ایم اس حکومت سے بھی زیادہ خوفناک ہے، عمران خان نے چوہدری شجاعت کی عیادت کر کے اچھا کام کیا ہے، عمران خان مونس الٰہی کے حوالے سے ن لیگ کے پراپیگنڈے کا شکار ہوئے،تحریک انصاف الیکشن سے پہلے جھوٹ بولتی تھی کہ اسٹیل مل کو پاؤں پر کھڑا کریں گے کسی کو نہیں نکالیں گے.

پی آئی اے سے لے کر ریلوے اور اسٹیل مل تک کا بیڑہ غرق کرنے کی بڑی وجہ گنجائش سے زیادہ لوگوں کی بھرتی ہے، اسرائیل جن عربوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ لچک کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ پاکستانی بلاوجہ ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجیعہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔

اسٹیل مل سے ساڑھے چار ہزار ملازم فارغ کرنے پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ جہاں ایک ہزار لوگوں کی گنجائش ہو وہاں تین چار ہزار لوگ ٹھونسے جائیں گے تو سب ہی بیروزگار ہوجائیں گے، پی آئی اے سے لے کر ریلوے تک کا بیڑہ غرق کرنے میں ایک بڑی وجہ گھوسٹ ملازمین اور گنجائش سے زیادہ لوگوں کی بھرتی بھی ہے، ایک بیوقوف وزیراعظم کا تکیہ کلام تھا کہ ملازمتیں دینا جرم ہے تو بار بار کروں گا.

عجیب احمق قسم کا آدمی تھا جو فلمی جملے بولتا تھا، یہ اپنے کاروبار میں ایک بندہ فالتو نہیں لگاتے لیکن سرکار کا خزانہ لوٹ کر اپنا بینک اکاؤنٹ اور لوگوں کو بیوقوف بنا کر اپنا ووٹ بینک بھرتے ہیں۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ حماد اظہر نے اسٹیل مل کے فارغ ہونیوالے ہر ملازم کو 23لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، میں تو کہتا ہوں انہیں ایک لاکھ روپے بھی نہ دیئے جائیں کیونکہ یہ بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، تحریک انصاف الیکشن سے پہلے جھوٹ بولتی تھی کہ اسٹیل مل کو پاؤں پر کھڑا کریں گے کسی کو نہیں نکالیں گے، اگر پی ٹی آئی قیادت نے ہوم ورک کیا ہوتا تو کبھی ایسے غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دیتی۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق حسن نثار کا کہنا تھا کہ اسرائیل جن عربوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ لچک کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ پاکستانی بلاوجہ ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں، ہم آل ابراہیم پردرود بھیجتے ہیں یہودی تو آل ابراہیم ہیں جبکہ ہم نے پڑوس میں بت پرستوں کو تسلیم کیا ہوا ہے۔

مریم نواز کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ مریم نواز کو جیل میں چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا تو نہ کھاتیں بھوک ہڑتال کرلیتیں، مریم جھوٹ درجھوٹ بولتی جارہی ہیں۔

تازہ ترین