• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، نثار کھوڑو

رہنما پیپلز پارٹی نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے۔

پیپلز پارٹی کے سندھ سے ملتان جانے والے کارکنان اور قافلوں کو شاہ شمس تبریز ٹول پلازہ ملتان پر روک لیا گیا ہے، جس کے بعد کارکنان ٹول پلازہ ملتان پر احتجاج اور نعرے بازی کررہے ہیں۔

شمس تبریز ٹول پلازہ ملتان پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، وہاں رکاوٹیں کھڑی کرکے کارکنان کو آگے جانے سے روکا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے رہنما پی پی پی نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ نیازی سرکار پولیس گردی کے ذریعے ہمارے کارکنان کو روک کر ریاستی دہشتگردی پر اُتر آئی ہے، پارٹی کا یوم تاسیس منانا ہمارا بنیادی جمہوری حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ سے پرامن قافلوں کے آگے سے رکاوٹیں فوری ہٹادی جائیں ورنہ حالات کی ذمیدار وفاقی حکومت ہوگی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ سے قافلوں کو ریاستی جبر کے ذریعے روکنے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نیازی صاحب جمہوری جدوجہد کرنے والوں کے آگے رکاوٹیں کھڑی کرکے آپ اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، اب ملک بھر میں گلی گلی گو عمران گو کا نعرہ بلند ہو چکا ہے، آپ کو گھر جانا پڑے گا۔

نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ کارکنان پر تشدد اور گرفتاریاں ہمیں جمہوری آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتی۔

تازہ ترین