ملتان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں آصفہ بھٹو زرداری لوگوں کی خصوصی مرکز نگاہ بنی رہیں، آصفہ بھٹو نے ملتان جلسے سے اپنی سیاسی اننگ کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
عوام آصفہ بھٹو زرداری میں بے نظیر بھٹو کی جھلک دیکھتے رہے۔
آصفہ بھٹو ملتان ایئرپورٹ سے باہر آئیں اور گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے ہاتھ لہرا کر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ بے نظیر بھٹو کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ کی طرح پر اعتماد نظر آئیں، جلسہ گاہ پہنچے سے پہلے کارکنان سے آصفہ بھٹو زرداری نے مختصر خطاب بھی کیا۔
جلسہ گاہ میں آصفہ بھٹو کارکنان کو ہاتھ ہلا کر داد سمیٹتی رہیں۔ آصفہ بھٹو اسٹیج پر موجود لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی آصفہ بھٹو کے ساتھ رہے۔ آصفہ بھٹو جلسے میں موجود کارکنوں کو فیس ماسک پہننے کی ہدایات بھی کرتی رہیں۔
آصفہ بھٹو جلسے میں پی ڈی ایم میں شامل مختلف رہنماؤں کو سنتی رہیں اور تالیاں بجاتی رہیں۔
مریم نواز نے آصفہ بھٹو کا ہاتھ پکڑ کے شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔ دونوں رہنماوں نے ہاتھ اٹھا کر لوگوں سے داد وصول کی اور شرکاء کو خوب گرمایا۔
تقریر کے دوران آصفہ نے جلسے میں موجود کارکنان کو سلام بھی پیش کیا، آصفہ نے اپنی تقریر ختم کرنے کے بعد تالیاں بجائیں اور نعرے بھی لگوائیں۔
بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے سیاست میں اپنا آغاز کیا لیکن اب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ساتھ آصفہ بھٹو زرداری نے بھی باقاعدہ طور پرملتان جلسے سے سیاست میں انٹری ڈال دی ہے۔