• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ منصوبہ‘ ای پی اے نےماحولیاتی این او سی منظور کر لیا

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی ای پی اے پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کے ماحولیاتی این او سی کی منظوری دیدی اور پورے منصوبے میں تین لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات کمشنر آفس میں منصوبہ کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) محمد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے تمام سفارشات پر عمل درآمد کیا جائیگا تاکہ رنگ روڈ منصوبہ فضائی آلودگی کے مسائل سے نمٹنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مزار، قبرستان اور ایک قدرتی چشمہ کو بچانے کیلئے مورت انٹر چینج کے ڈیزائن کا دوبارہ جائزہ لیا گیا ہے۔ نیسپاک ماہرین کی ڈیزائن میں ترامیم منصوبہ کا حصہ بن چکی ہیں۔ راولپنڈی رنگ روڈ استعمال کرنے والی گاڑیوں سے ٹال ٹیکس وصول کرنے کا طریقہ موٹر وے کی طرز پر فی کلومیٹر کے حساب سے ہوگا، بہرحال ایک ماڈل لاہور رنگ روڈ کا ہے کہ جس کے تحت گاڑیوں سے متعین ٹال وصول کیا جاتا ہے۔ رنگ روڈ پر کمرشل زونز کے قیام کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مشاورت جاری ہے‘ وزیر صنعت سے بھی میٹنگ کی جائیگی۔ ائرپورٹ انٹر چینج پر پانی کا ایک ذخیرہ بچانے کیلئے ایک پل تعمیر کیا جائیگا۔ رنگ روڈ پر پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت انٹی گریٹڈ ٹریفک سسٹم کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور انکی لاگت کے تخمینے لگائے جا رہے ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی رنگ روڈ کے انٹر چینجز اور لوپس کے درمیان موجود سرکاری جگہ پر باقاعدہ حفاظتی باڑ لگائی جائے اور انکے گرد مختلف مقامات کے کمرشل استعمال کا بھی جائزہ لیا جا ئے۔
تازہ ترین