سردیوں کے پھل انار کے بے شمار فوائد ہیں، اسی لیے اس پھل کو ’جنت‘ کا پھل کہا جاتا ہے اور اسے تمام پھلو ں میں شہنشاہ پھل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہےکیونکہ نار میں موجود ایسے نباتاتی مرکبات ہیں جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں پائے جاتے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انار سے متعلق کی گئی مختلف تحقیقات یہ ثابت کر تی ہیں کہ انار کا استعمال انسانی جسم کے لیے حیرت انگیز فوائد کا باعث ہوتا ہے اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
دل کے امراض سے بچائے
انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کم کرتے ہیں۔ وٹامن سی، وٹامن بی اور فائیو، پوٹاشیم اور فائبر سے بھرپور اس پھل کے سفید چھلکے اور باہرکی پتلی جِلد بھی کھائی جاسکتی ہے۔ اس پھل میں اینٹی آکسیڈنٹس اور جراثیم کش خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں۔
صبح نہار منہ پانی کے علاوہ انار کا جوس پینا بے حد مفید ہے۔ انار کا تازہ جوس (ایک گلاس) گرم کریں، جب بھاپ نکلنا شروع ہوجائے تو اسے نیم گرم حالت میں نہار منہ پی لیں یا پھر مٹھی بھر انار دانے کو آدھے لیٹر پانی میں دس منٹ اُبال کر نچوڑیں۔ انجائنا کے مریضوں کو یہ پانی عام درجہ حرارت پرصبح کے وقت پینے کو دیں، اس سے سینے میں کھنچاؤ اور در د میں بے حد فائدہ ہوگا۔
انار کے استعمال سے خون میں لوتھڑے بننے کا عمل رک جاتا ہے۔ یہ شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہونے سے بچاتا، خون کے بہاؤ کو برقرار رکھتا، بلڈ پریشر مناسب کرتا اور دل کی رگوں کی اندرونی سطح کے سخت ہونے کے عمل کو روک کر انہیں پھر سے صحت مند بناتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ
اگر انار کے استعمال کو معمول بنا لیا جائے تو یہ چھاتی، بڑی آنت اور مثانے کے کینسر کے خلاف مدافعت فراہم کرتا ہے۔ اس کے چھلکے میں الیجک ایسڈ موجود ہوتا ہے، جو جلد کے کینسر کو بڑھنے سے روکتا ہے۔
انار کا باقاعدہ استعمال نہ صرف پروسٹیٹ کینسر اور آنتوں کے کینسر کو بڑھنے سے روک سکتا ہے بلکہ پروسٹیٹ کینسر کے خلیات کو ختم بھی کرسکتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ
قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن سی سب سے بہترین ہے اور انار میں یہ وٹامن سیب سے چار گنا زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن ای بھی کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ قدرت کا یہ انمول تحفہ جگر کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔
وزن میں کمی کا باعث
100گرام انار میں 83 کیلوریز ہوتی ہیں، جس سے آپ کو دن بھر بیدار، چوکنا اور توانا رہنے کے لیے توانائی ملتی ہے۔ اگر آپ ڈائٹ پر ہیں تو انار ضرور کھائیں کیونکہ اس میں بڑی مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے، جس سے آپ کو بھوک کم لگے گی اور آپ کا ہاضمہ بھی تیز ہوگا۔
انار میں جذب ہونے والی چکنائی موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے یہ ڈائٹنگ کرنے والوں کے لیے بہترین غذا کا کام دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ انار کا جوس پینے سے کمر کے اردگرد چربی کا خاتمہ ہوجاتا ہے، اس کے قدرتی اجزا موٹاپے کا باعث بننے والے خلیات کا خاتمہ کر کے چربی پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وٹامنر اور توانائی کا خزانہ
انار میں کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس، آئرن، ہائیڈروکلورک ایسڈ،فائٹو کیمیکلز، اینٹی آکسیڈنٹس، پولی فینول، کم کیلوریز اور وٹامن اے، بی اورسی موجود ہوتے ہیں۔ ڈائریا اور جوڑوں کے درد میں انار کا استعمال کافی فائدہ مند ہے لیکن اس کا بہت زیادہ استعمال قبض کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
یادداشت میں بہتری
تحقیقاتی مطالعہ جات سے کچھ ایسے شواہد حاصل ہوئے ہیں جن کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ انار کا جوس یادداشت بہتر بنانے میں بھی معاون و مددگار ہے۔ ایک مطالعہ میں ان افراد کو شامل کیا گیا جن کی حال ہی میں سرجر ی کی گئی تھی، ان مریضوں میں روزانہ کی بنیادوں پر انار کے جوس کے استعمال سے یادداشت کے خسارے کو کم کیا گیا۔
ایک اور مطالعہ میں ان افراد کو شامل کیا گیا جو دراصل یادداشت کی کمی کی کا شکار تھے۔ ان افراد کو باقاعدگی سے 8 اونس انار کا جوس پلایا گیا، نتائج کے طور پر مریضوں کی زبانی و بصری دونوں قسم کی یادداشت میں بہتری دیکھنے میں آئی۔