• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا دھرنا، ریلوے ٹریک بلاک


کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) کے برطرف ملازمین نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹرینوں کی روانی متاثر ہوگئی۔

پاکستان اسٹیل ملز کی ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز نے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف جناح گیٹ اسٹیل مل پر دھرنا دیا جبکہ دیگر ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔ 

جبری برطرفیوں کیخلاف اسٹیل ملز ملازمین کی بڑی تعداد جناح گیٹ کے سامنے سراپا احتجاج رہی جبکہ بن قاسم ریلوے ٹریک بھی بند کردیا۔

ملازمین کے احتجاج کے باعث اندرون ملک سے آنے اور جانے والا ٹریک بند ہوگئے جبکہ ملازمین کی بڑی تعداد ٹریک پر موجود رہی۔


آل ایمپلائیز ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا جائے۔

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4 ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔

مختلف شہروں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو بن قاسم اسٹیشن پر روک لیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کلئیر ہونے تک کراچی سے کوئی ٹرین روانہ نہیں ہوگی۔

دھرنے کی وجہ سے کراچی ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس بن قاسم اسٹیشن پر موجود رہیں جبکہ کراچی آنے والی رحمان بابا، تیز گام، کراچی ایکسپریس، شاہ حسین، اور گرین لائن کو بن قاسم سے پہلے روکا گیا۔

کراچی سے اندرون ملک جانے والی پاکستان ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی روانگی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین