• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کا ماسٹرپلان جون تک مکمل ہوگا، سہولتوں میں بہتری آئے گی، کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)پہلی مرتبہ راولپنڈی کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہےجو جون 2021تک مکمل ہوگاجس میں راولپنڈی کی حدود کا بھی تعین ہوگا۔ پلان سے سوک سروسز کی فراہمی میں بھی بہتری آئیگی۔ماسٹر پلاننگ کا کام پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیزامپرومنٹ انویسمنٹ پروگرام (پی آئی سی آئی آئی پی)کررہا ہے۔اس بات کا اظہار کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے کیا۔دریں اثناءماسٹر پلاننگ کا کام پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیزامپرومنٹ انویسمنٹ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کمشنر آفس راولپنڈی میں ہواجس میں کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی میں پانی کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پبلک ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور دیگر شہری سہولیات میں بہتری لانے کیلئے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آر ڈبلیو ایم سی، واسا اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈیجیٹل ڈیٹا کو فوری طور پر پی آئی سی آئی آئی پی کے ساتھ شیئر کریں جبکہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)کو ایک ہفتہ میں تمام مطلوبہ ڈیٹا شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں گلوبل ایکٹو سٹیز پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے راولپنڈی ملک کا پہلا، جنوبی ایشیا کا دوسرا اور ایشیا کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں اس منصوبہ کے تحت صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیا جائیگا۔
تازہ ترین