• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریبیز کنٹرول سے متعلق جواب ہائی کورٹ میں جمع

حکومت سندھ نے ماسٹر پروگرام فار ریبیز کنٹرول سے متعلق جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادیا ، سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کی ویکیسن کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ، عدالت نے پروجیکٹ ڈائریکٹر سے سوال کیا کہ صبح کیس لگا ہوا ہوتا ہےآپ کیوں نہیں آتے؟

کیس کی سماعت کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا، ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو جواب کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2020 ءسے مارچ 2021 ء تک تمام چیزیں کنٹرول کرلیں گے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ شہریار مہر نے عدالت کو بتایا کہ تین ماہ میں پرائمری سیکشن مکمل ہوگا، پروگرام مکمل تین سال میں ہوگا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ لوکل گورئمنٹ ایکٹ 2013 ء کے بائی لائز بنا لیں، محکمہ بلدیات حکام نے کہا کہ بائی لائز بنانے کے لئے ہمیں تین ماہ کا ٹائم دیا جائے۔

اس پر عدالت نے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو ڈیڑھ ماہ میں بائی لائز بنانے کی ہدایت کردی جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے درخواستوں کی مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔


تازہ ترین