• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈبلن:منسٹر آف جسٹس نے امیگریشن رجسٹریشن آفس دوبارہ کھول دیا

ڈبلن (معراج عابد) منسٹر آف جسٹس آئرلینڈ ہیلن میکنیٹی نے کویڈ 19 لیول 5 لاک ڈاؤن کی وجہ سے 21 اکتوبر سے بند امیگریشن رجسٹریشن آفس کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔جس کے بعد نئی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کردیا جائے گا، عوام کی سہولت اور ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے یہ کارروائی2 سے 3 ہفتوں کے دوران مکمل کی جائے گی۔ اب رجسٹریشن کی آن لائن تجدید نو کی درخواست کے لیے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی ۔جسٹس منسٹر ہیلن میکینیٹی نے حکومت کی جانب سےکورونا کے حوالے سے ملک میں گزشتہ چھ ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کے بعد ڈبلن میں واقع امیگریشن رجسٹریشن ہیڈ آفس کو بھی دوبارہ کھولنے کا اعلان کیاہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پبلک افس کے دوبارہ کھولنے کا مطلب ہے کہ پہلی بار رجسٹریشن کا عمل دوبارہ سے شروع ہوجائے گا، نئی رجسٹریشن کے لیے درخواست گزار کے فنگر پرنٹ لینا ہوتے ہیں جو آن لائن ممکن نہیں، انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، اس لیے آئندہ سے رجسٹریشن کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست کے ساتھ پاسپورٹ بھیجنے کی ضرورت نہیں، صرف اپنے پاسپورٹ کی بائیو میٹرکس پیج کی سکرین کلر کاپی اپ لوڈ کرکے آن لائن درخواست جمع کروائی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ ڈبلن کے رہائشی افراد کے لیے 20 جولائی سے آن لائن سسٹم متعارف کروایا گیا تھا جس سے اب تک 40 ہزار درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں ماضی میں اس عمل میں 6سے 7 ہفتے لگتے تھے اب اضافی وسائل کےبعد یہ کام 2 سے 3 ہفتوں کے درمیان مکمل ہوجائے گا۔ منسٹر آف جسٹس۔نے ڈبلن سے باہر رہنے والے صارفین کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنے پاسپورٹ اور دیگر کاغذات کے ساتھ مقامی امیگریشن آفس ،رجسٹریشن آفس سے رابطہ کریں، جب انکی درخواست کا عمل مکمل ہوجائے گا تو آپکا۔آئی آر پی کارڈ پوسٹ افس کے ذریعے بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے عمل کی تمام معلومات امیگریشن سروسز کی ویب سائیٹ پر مل سکتی ہیں۔ 
تازہ ترین