• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے بھی معروف ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ملالہ یوسف زئی نے اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’ہائے ٹک ٹاک! میرا نام ملالہ یوسفزئی ہے، میری عُمر 23 سال ہے جو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ہمیشہ متحرک رہتی ہے۔‘

56 سیکنڈز پر مشتمل اس ٹک ٹاک ویڈیو میں ملالہ یوسف زئی نے اپنی تعلیم، پسندیدہ امور سمیت دیگر ذاتی چیزوں سے متعلق گفتگو کی۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنی ویڈیو کے ذریعے دُنیا بھر میں موجود اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ملالہ فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرائیں۔

اُن کی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو پر لاکھوں صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے جبکہ ہزاروں نے اس پر تبصرے بھی کیے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاک پر ملالہ یوسف زئی کا آفیشل اکاؤنٹ ’ملالہ فنڈ‘ کے نام سے ہے جس پر لاکھوں صارفین نے انہیں فالو کیا ہوا ہے جبکہ ملالہ کی فالوونگ لِسٹ میں صرف 85 صارفین ہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہوئیں۔

9 اکتوبر 2012 ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا،جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں،انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔

12 جولائی 2013ء کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔

انہیں 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا تھاجبکہ ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

تازہ ترین