وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ملالہ یوسف زئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل ہونے اور ڈگری کی تکمیل پر مبارکباد دی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جمائما گولڈ اسمتھ نے خواتین اور بچیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم، پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ڈگری کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملالہ آپ ایک حیرت انگیز اور متاثر کُن نوجوان خاتون ہیں۔‘
اس سے قبل بالی ووڈ فلم اسٹار پریانکا چوپڑا نے بھی ملالہ کو گریجویشن مکمل ہونے پر مبارکباد دی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کے نامور فنکاروں کی جانب سے بھی ملالہ یوسف زئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات ظاہر کی جارہی ہیں۔
ان فنکاروں میں ثمینہ پیرزادہ، عدنان ملک، منیبہ مزاری اور جگن کاظمی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹر اور فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ نسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ اس کامیابی پر خوشیاں مناتی نظر آئیں۔
ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے لکھا تھاکہ اپنی خوشی اور تشکر کا اظہار کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہورہا ہےکیونکہ انہوں نے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں اپنا ڈگری پروگرام مکمل کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گریجویشن مکمل کرنے پر ملالہ کا جشن
ملالہ نے لکھا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ آئندہ کیا ہوگا، اب تو بس نیٹ فلیکس ہوگا اور پھروہ خوب سوئیں گی۔