• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا متاثرہ غریب ممالک کے قرضے معاف، 500 ارب ڈالر کا فنڈ قائم کیا جائے، عمران خان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے 10نکاتی ایمرجنسی پلان پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وبا دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا کو درپیش ایک سنجیدہ مسئلہ ہے‘غریب ممالک سمیت پوری دنیا وبا کی زدمیں ہے۔

کورنا کے باعث بڑی معاشی بدحالی کا سامنا ہے‘ہم کورونا کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں‘آئی ایم ایف نے شرح نمو میں اضافے کیلئے زور دیا ہے‘ کورونا سے متاثرہ غریب اور پسماندہ ملکوں کے قرضے معاف ‘کم ترقی یافتہ ملکوں کیلئے رعایتی قرضے کی سہولت دی جائے۔

ہنگامی طور پر 500ارب ڈالر کا فنڈ قائم کیا جائے‘کرپٹ سیاستدانوں اور مجرموں کی لوٹی رقم واپس لائی جائے ‘ کورونا وائرس کی ویکسین ہر کسی کیلئے میسر ہونی چاہیے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ورچوئل اجلاس سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہناتھاکہ پاکستان کو اب کورونا وبا کی دوسری سخت لہر کا سامنا ہے،پاکستان نے بجٹ خسارے پر قابو پانے کا عزم کیا ہوا ہے،قرضوں میں ریلیف پر جی 20 کے شکر گزار ہیں،پانچ ترقی پزیر ملک پہلے ہی ڈیفالٹ کر چکے ہیں،ورلڈ فوڈ پروگرام نے خشک سالی کا خدشہ ظاہر کیا ہے قرضوں میں ریلیف کورونا وبا کے خاتمے تک جاری رکھا جائے۔ہم کورونا کی وبا کا بھر پور مقابلہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین