• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: سندھ پولیس کے 3753 ملازمین متاثر، ایک ڈی آئی جی کی حالت تشویشناک

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران سندھ پولیس کے متاثرہ ملازمین کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئے گئے 247 ٹیسٹ میں سے 12 پولیس ملازمین کی کورونا وائرس رپورٹس مثبت آئی ہیں۔ 

اب تک 3753 پولیس افسران و جوان کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 3486 صحتیاب ہوئے، ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹر سمیت 20 پولیس ملازمین جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 247 پولیس ملازمین ابھی بھی اس عالمی وبا سے متاثر ہیں۔


جن میں سے بیشتر اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں یا مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر مختلف عہدوں کے پولیس افسران کے ساتھ ایک سینئر پولیس افسر ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ بھی شامل ہیں۔

آصف اعجاز شیخ کلفٹن کے ایک نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں داخل ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ آصف اعجاز شیخ کے اہل خانہ نے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین