• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ملک نواز سے معافی مانگ کر ضمیر کا بوجھ ہلکا کر گئے، مریم نواز

لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ڈیسک ،این این آئی)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جج ارشد ملک کی کورونا سے وفات پر رد عمل دیتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے۔اللّہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کر گئےاور بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیےبلیک میل کیا استعمال کیا۔اللّہ ارشد ملک صاحب کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں۔ مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے۔ اللّہ ظالم کے ساتھ نہیں۔ ظالم برباد ہو کر رہے گارشد ملک اپنے اعتراف اور انکشافات کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے۔ ڈیڑھ سال میں نوازشریف کو انصاف نا ملنے کا زمہ دار کون ہے؟ جس کیس میں نوازشریف کو اشتہاری دلانے کی جلدی تھی اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟3 بار کا وزیراعظم مفرور قرار دے دیا گیا لیکن نواز شریف کے خلاف سازش پر کوئی کمیشن کیوں نہیں بنا؟ بہت کچھ بتانے کے لئے تیار شخص کی موت کا انتظار کیوں کیا گیا؟میرا سادہ سوال یہ ہے کہ انصاف کے قتل کی ذمہ داری کس پر ہے؟ اس سازش کا انکشاف اور اعتراف کرنے والا کردار اب اس دنیا میں نہیں۔ اب یہ مطالبہ زور پکڑے گا کہ آزاد اور بہادر ججوں پر مشتمل کمیشن اس کی تحقیقات کرے تاکہ عوام حقائق جان سکیں۔ اور وہ دن دور نہیں انشاءاللّہ یہ ہو کر رہے گاہ سویلین بالادستی کی جنگ لڑنے والے نواز شریف کا سوال ہے جسے اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دے کر ایک کٹھ پتلی کو مسلط کیا گیا۔ جج ارشد ملک کی موت سے پہلے انصاف کی موت کا جواب بھی دینا ہو گا۔خصوصی نمائندہ کے مطابق مریم نواز شریف نے 13دسمبر کے جلسے کے سلسلہ میں خواتین اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہا کہ پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا کلیدی کردار ہوگا،خواتین کا جذبہ قابل رشک اور کامیابی کی نوید ہے،بیگم کلثوم نوازنے دورآمریت میں پاکستان کی سیاست میں تاریخی کردارادا کیا،مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم کلثوم نوازشریف کے جذبے سے آگے بڑھیں گے۔مریم نواز نے اس موقع پر پی ڈی ایم کے لاہور میں 13 دسمبر کو جلسے کے حوالے سے مشاورت کی۔ خواتین نے جلسے کی کامیابی اور پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں ۔مریم نوازنے خواتین کو جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے فیصلہ کن مرحلے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، معیشت کی تباہی، بے روزگاری سے گھریلو زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں،مردوں سے دو قدم آگے بڑھ کرخواتین سیاسی معرکے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ا نہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی تیاری میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھائیں گے،پاکستان کی پچاس فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہیں، انہیں نظرانداز نہیں کیاجاسکتا،پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا بڑا کردار ہوگا،خواتین کا جذبہ قابل رشک اور کامیابی کی نوید ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک گھر ہے اور خواتین اس کا ایک ہم حصہ ہیں،آج پورے گھر اور اس کے ہر فرد نے قائد نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔

تازہ ترین