راولپنڈی (ناصر چشتی،خصوصی نمائندہ) راولپنڈی تعلیمی بورڈانٹر برانچ کا پرانا ریکارڈ جگہ تبدیل کرتے وقت یا تو خراب یا ضائع ہو گیاجس پر ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ریکارڈ کی جگہ تبدیل کرنے والا اسسٹنٹ کنٹرولر آج ہفتہ کو ریٹائر ہو جائے گا۔ ملازمین کا مؤقف ہے کہ سارا نزلہ چھوٹے ملازمین پر گرے گا۔ ان ملازمین کا مؤقف ہےکیونکہ بہت سارا ریکارڈ ضائع ہوگیا ہے۔ اسسٹنٹ کنٹرولر انٹر کو تمام ریکارڈ ایک برانچ سے منتقل کرنے اور کمرے کو خالی کرنے کے احکامات چیئرمین نے دیئے تھے۔ ادھر ذرائع نے بتایا چیئرمین نے ریکارڈ کی تبدیلی میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے بارے چیک کرنے کا ٹاسک دو افسران خالد سرور اور ملک سفیر کو دیا ہے جو معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ترجمان راولپنڈی بورڈ نے بتایا کہ جو ریکارڈ تبدیل کرکے دوسری جگہ شفٹ کیا گیا ہے وہ کوئی حساس ریکارڈ نہیں تھا، نہ کوئی اسنادہیں ۔ یہ معمول کی تبدیلی ہے، بعض افراد بورڈ کو بدنام کرنے کیلئے افواہیں پھیلاتے ہیں ۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ اگر بے قاعدگی نہیں ہوئی تو دو افسران کو کس معاملے کیلئے ذمہ داری دی گئی ۔ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔