ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ بھی ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے مسائل حل نہ کر سکی جس پر ملازمین مطالبات منوانے کے لئے بچوں کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئے ، ملازمین نے واٹر ورکس روڈ پر کمپنی ورکشاپ کے سامنے احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے پر کام چھوڑ ہڑتال کی بھی دھمکی دے دی ، سی بی اے میونسپل ایمپلائز ویلفیئر یونین کے عہدیداروں ملک منظور حسین ، منیر ہانس ، سمیع اللہ خان اور ارشد بلوچ وغیرہ نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ، مشینری کی مرمت سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل حل نہیں کروائے گئے جس پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے ضلعی و کمپنی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے مالیت کی مشینری مرمت نہ ہونے سے کباڑ میں تبدیل ہو رہی ہے جبکہ ایک ماہ بعد بھی کمپنی میں سی ای او کی تعیناتی نہیں کی جا سکی، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کے کیس بھی التواء کا شکار ہیں۔