• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مونگے کی چٹانیں سفید ہونے کی خبر کا نوٹس لے لیا گیا

چرنا جزیرے کی سفید ہوتی زیر سمندر مونگے کی چٹانوں کے معاملے پر محکمہ ماحولیات بلوچستان نے جیو نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا۔

ڈائریکٹر ٹیکنیکل محکمہ ماحولیات انجینئر محمد خان کا کہنا ہے کہ جیو نیوز پر ماحولیاتی مسئلے کو اجاگر کیا گیا۔

 انجینئر محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار مونگے کی چٹانوں کا کیمیائی اور حیاتیاتی مشاہدہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشاہدے کا مقصد مونگے کی چٹانوں کا ڈیٹا جمع کرنا ہے، ڈیٹا جمع کرکے مونگے کی افزائش اور مسائل سے متعلق معلومات ملیں گی۔

ڈائریکٹر ٹیکنیکل محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ چرنا پر 5 سے 6 مقامات پر نمونے حاصل کیے جارہے ہیں اور نمونوں سے صنعتی سرگرمیوں کے اثرات کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔

انجینئر محمد خان کا کہنا تھا کہ دن اور رات میں سمندر کے درجہ حرارت کا بھی ریکارڈ رکھا جارہا ہے، سمندر کے 28 سے زائد درجہ حرارت پر مونگے کی چٹانیں مرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  سمندر کا اب تک مختلف گہرائیوں سے 25 سے 27 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، سمندر میں تیزابیت کی مقدار کو بھی جانچا جارہا ہے۔


انجینئر محمد خان نے کہا کہ سائنسی بنیادوں کا مطالعہ لسبیلہ یونیورسٹی کے میرین ڈپارٹمنٹ کے پروفیسرز  کر رہے ہیں، دس دن کے بعد مطالعے کی رپورٹ جاری کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  رپورٹ کے بعد چرنا جزیرے کو میرین پروٹیکٹیڈ ایریا کا درجہ دینے کی کوششیں کریں گے۔

تازہ ترین