• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر کے ایم سی کو گلے لگاکر بوسہ لینے والے کورونا سے متاثرہ افسر پر مقدمہ درج


کراچی میں تنخواہ روکنے پر کے ایم سی کے مبینہ کورونا پازیٹو افسر نے ڈائریکٹر ایچ آر کو گلے لگالیا۔ ڈائریکٹر نے کورونا کے مریض افسر کے خلاف سٹی کورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا۔

تنخواہ روکنے پر کورونا کے متاثرہ مریض آفیسر کا ڈائریکٹر ایچ آر ایم کو گلے لگانے اور بوسہ لینے کے معاملہ کا مقدمہ متاثرہ کے ایم سی کے ڈائریکٹر ایچ آر جمیل فاروقی کی مدعیت میں کے ایم سی کے افسر شہزاد انور کے خلاف درج کرلیا گیا۔

مقدمہ سٹی کورٹ تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور دھمکی دینے کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

جمیل فاروقی نے پولیس کو بیان دیا کہ کے ایم سی افسر شہزاد انور کچھ افراد کے ہمراہ میرے دفتر میں آئے اور زبردستی مجھے گلے لگایا اور گردن پر بھی چوما اور بعد میں مجھے بتایا کہ وہ کورونا پازیٹو ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر ملزم کورونا پازیٹو ثابت ہوگیا تو وبائی امراض پھیلانے کی دفعہ بھی شامل کی جائیگی۔


متاثرہ افسر نے گزشتہ روز ڈائریکٹر ایچ آر سے ملنے کے بعد اپنے کورونا کے مریض ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

کورونا وائرس سے  مریض نے ایڈمنسٹریٹر سیکٹریٹ میں جاکر بھی افسران سے ملاقات کی تھی۔

سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کے مطابق متاثر مریض شہزاد انور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ لانڈھی تعینات تھا۔

شہزاد انور کو پانچ اکتوبر کو کرپشن کی شکایت پر معطل کیا گیا تھا اور ایچ آر ایم کو رپورٹ نہ کرنے پر تنخواہ روک لی گئی تھی۔

تازہ ترین