• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہ روکنے کا انتقام، کورونا سے متاثرہ کے ایم سی ملازم نے افسر کو گلے لگا لیا

تنخواہ روکنے کا انتقام، کورونا سے متاثرہ کے ایم سی ملازم نے افسر کو گلے لگا لیا


کراچی(اسٹاف رپورٹر/ٹی وی رپورٹ) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسر نے تنخواہ روکنے پر ادارے کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ (ایچ آر ایم) سے انوکھا انتقام لے لیا۔ کے ایم سی کے کورونا سے متاثرہ افسر نے تنخواہ روکنے پر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کو گلے لگا لیا اور گال پر بوسہ دیا۔ کورونا مریض نے ایڈمنسٹریٹر سیکٹریٹ میں جا کر بھی افسران سے ملاقات کی۔ کورونا مریض نے ڈائریکٹر ایچ آر ایم سے ملنے کے بعد اپنے کورونا سے متاثر ہونے کا انکشاف کیا، افسر کے انکشاف کے بعد کے ایم سی ہیڈ آفس میں کھلبلی مچ گئی۔ کے ایم سی افسران کورونا کے مریض کے انکشاف کے بعد سیٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہزاد انور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ لانڈھی تعینات تھے، انہیں 5 اکتوبر کو کرپشن کی شکایت پر معطل کیا گیا تھا، اور ایچ آر ایم کو رپورٹ نہ کرنے پر ان کی تنخواہ روک لی گئی تھی۔ جمیل فاروقی کا کہنا ہے کہ شہزار انور نے بہانے سے دفتر میں گھس کر میرے قریب آنے کی کوشش کی گئی، شہزاد انور کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا دوبارہ ٹیسٹ کراؤں گا، مجھے چار ماہ قبل بھی کورونا مثبت آیا تھا۔اسٹاف رپورٹر کے مطابق ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اراکین نے سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم اور ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی پر کورونا وائرس میں ملوث اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہزاد انور کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے غلط روایات جنم لیں گی اور کے ایم سی کی بدنامی کا سبب بنے گی،اس طرح دفتر میں آکر دوسرے افسران کو کورونا میں مبتلا کرنے کی کوشش غیر اخلاقی اور غیرقانونی حرکت ہے جس کا سد باب اور اس کے ذمہ دار افراد کو قرار وقعی سزا دینا ضروری ہے، عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس ہفتہ کے روز شام پانچ بجے کے ایم سی آفیسرز کلب میں منعقد ہوگا جس میں اس واقعہ کے محرکات پر غور کرنے کے علاوہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین