امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے جنرلز اور ایڈمرلز کے عہدوں میں مجموعی طور پر 20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے جس سے تقریباً 800 اعلیٰ فوجی عہدے متاثر ہوں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی جنرلز اور ایڈمرلز کے عہدوں میں یہ کمی 1 جنوری 2027ء تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
پیٹ ہیگستھ کے مطابق اس اقدام کا مقصد فوجی بیوروکریسی کم کرنا، کمانڈ کے غیر ضروری درجات ختم کرنا اور فوج کی جنگی تیاری، نظم و ضبط اور احتساب پر توجہ بڑھانا ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تجربے کار فوجی کمانڈروں کو ہٹانے اور سیاسی طور پر وفادار افسران کو آگے لانے کا باعث بن سکتا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی 2 درجن سے زائد اعلیٰ فوجی رہنماؤں کو برطرف یا ریٹائر کر چکی ہے جبکہ بعض ترقیوں کو بھی روکا گیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل برطرفیوں اور سیاسی دباؤ سے فوجی افسران اعلیٰ حکام کو آزادانہ اور پیشہ ورانہ مشورہ دینے سے گریز کر سکتے ہیں جس سے فوج کی قیادت اور حوصلے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔