• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میجر شبیر شریف شہید کا 49 واں یومِ شہادت منایا گیا

فخر وطن اور1971 کی جنگ میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والے میجر شبیر شریف شہید کا انچاس واں یوم شہادت اتوار کو منایا گیا۔

پاک فوج نے شہید میجر شبیرشریف کو خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف کی طرف سے شہید کی یادگار پر پھول رکھےگئے۔

نشان حیدر حاصل کرنے والے پاک فوج کے میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943ء کو کنجاہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 19اپریل 1964ء کو فوج میں کمیشن حاصل کیا۔

شہید میجر شبیر شریف کو بطور کیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے اعزازی شمشیر اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ستارہ جرأت سے نوازا گیا، اس وقت ان کی عمر محض 22 سال تھی۔

بھارت کے خلاف 1971ء کی جنگ میں میجر شبیر شریف نے دشمن کو ایک نہیں کئی مواقع پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔

5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات گھمسان کی جنگ میں میجر شبیر شریف نے بھارت کی 4 جاٹ رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر میجر نرائن کو للکارا، دست بدست لڑ ائی میں اُسے ہلاک کیا اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔

6 دسمبرکی دوپہر میجر شبیر شریف نے دشمن کا ایک اور حملہ پسپا کیا، اسی دوران دشمن کے ٹینک کا گولہ انہیں لگا اور وہ جام شہادت نوش کرگئے۔

میجر شبیر شریف کو ان کی بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ میجر شبیر شریف سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔

میجر شبیر شریف پاک فوج کے واحد آفیسر ہیں جنہیں دو اعزاز ستارہ جرأت اور نشان حیدر سے نوازا گیا۔

تازہ ترین