2016 میں بیلجیئم کے اندر ہونے والے بم دھماکوں کے مجرمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی آج سے شروع ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ بیلجیئم اور یورپ کے دارالحکومت برسلز میں 22 مارچ 2016 کو ائیرپورٹ اور یورپین کمیشن و کونسل کی عمارات کے قریب واقع مال بیک میٹرو اسٹیشن پر دہشت گردوں نے خود کش دھماکے کئیے تھے جس میں 32 افراد ہلاک اور 340 زخمی ہوئے تھے۔
ان دونوں بم دھماکوں میں 3 خودکش حملہ آور مارے گئے تھے جبکہ ساتھ موجود چوتھا شخص نکلنے میں کامیاب رہا۔
بعد ازاں پولیس نے ان دھماکوں کی تفتیش کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا جن میں سے 8 پر ان 32 افراد کے قتل اور زخمی کرنے جبکہ باقیوں پر دہشت گردی میں سہولت کاری سمیت مختلف الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
اس مقدمے کی حساسیت کے پیش نظر اس کی کارروائی عام عدالت کی بجائے نیٹو کے سابق ہیڈ کوارٹر واقع برسلز میں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ان بم دھماکوں کے بعد بیلجئین معیشت کو کم از کم ایک ارب یورو کا نقصان پہنچا تھا اور ایک طویل عرصے تک سیاحوں نے یورپین دارالحکومت برسلز کا رخ نہیں کیا تھا۔