• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللّٰہ نے بلاول بھٹو کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے استعفوں سے متعلق ڈیڈلائن سامنے آنے کے بعد اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی کی طرف سے پہلا استعفیٰ سامنے آگیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللّٰہ نے استعفیٰ دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردیا ہے۔

آغا رفیع اللّٰہ نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ پارٹی قیادت کے حکم پر قومی اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔


وہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 238 ملیر کراچی سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

آغا رفیع اللّٰہ نے مزید کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ادنیٰ کارکن ہوں، جمہوریت کی بحالی اور سلیکٹڈ حکومت کےخاتمے کی جدوجہد میں شریک ہونے پر فخر ہے۔

آج اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا،جس سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

مولانا فضل الرحمٰن اجلاس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن نے 31 دسمبر تک ارکان پارلیمان سے استعفیٰ پارٹی قیادت کے پاس جمع کرانے کا کہہ دیا ہے۔

دوران اجلاس سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمان کے استعفیٰ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس جمع کرانے کی تجویز دی تھی۔

اس سے قبل اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے لاہور اور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے 5 ارکان اسمبلی کا استعفیٰ سامنے آچکا ہے۔

تازہ ترین