اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پارلیمانی اراکین کے استعفیٰ جمع کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بلاول بھٹو اور مریم نواز کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام پارٹیوں کے پارلیمانی اراکین اپنا استعفیٰ 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس جمع کرادیں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ استعفیٰ جمع کروانے والوں میں ملک بھر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےنمائندے شامل ہوں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم عوام کو کسی قیمت پر بھی مایوس نہیں ہونے دیں گے، جس طرح عوامی ردعمل بڑھ رہا ہے، اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو فرق پڑچکا ہے، وزیراعظم کی کرسی ہل چکی ہے بس اسے ایک دھکا اور دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک اس پورے سسٹم اور دھاندلی کے خلاف ہے، اگر ہم نے استعفے دے دیے تو واپس نہیں چاہیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے لاہور کے 13 دسمبر کے جلسے کو تاریخی اور حکومت کے لیے آخری کیل قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں تمام ہی پارٹیوں کے سربراہان نے اپنے اپنے موقف کا کھل کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری گرمی ٹمپریچر ٹھیک کردی گئی ،دھاندلی کرنے والے خود سوچیں کہ ان کا انجام کیا ہوگا ۔
پی ڈی ایم سربراہ نےکہاکہ آج جعلی وزیراعظم نے ایسے باتیں کیں جیسے وہ نشے میں بول رہے ہوں۔