اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لاہور جلسے کے بعد کا لائحہ عمل سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز سمیت اپوزیشن کی تمام پارٹیوں کی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں 13دسمبر کے لاہور جلسے کے بعد کے اپوزیشن کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، پہلی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور شٹرڈاؤن کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کل اسلام آباد میں اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اس اجلاس میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ، پہلی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور شٹرڈاؤن کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اس اجلاس میں ہی ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول بھی فائنل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گرفتاری جیسی چیز کےبارے میں سوچا بھی نہیں ہے، اگر حکومت نے لاہور جلسےکی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو ملتان سے بھی برا حشر کردیا جائے گا۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کے آخر میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب نے جو بات کردی ہے، ہم سب کی وہی بات ہے۔