اسلام آباد (ساجد چوہدی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے فرسٹ کزن (ماموں زاد) کو راولپنڈی میں ای ٹی او ایکسائز لگا دیا ہے۔ گریڈ سترہ کے افسر ای ٹی او محمد سلیم بٹ اس سے قبل لاہور میں موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی (آل کمپلیکس) ریجن سی تعینات تھے۔ وہ راولپنڈی میں بطور اے ای ٹی او (ایکسائز) بھی رہ چکے ہیں۔ ای ٹی او محمد سلیم بٹ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ماموں کے بیٹے ہیں۔ بعض ایکسائز ذرائع ایسے میں جب سابق وزیراعظم نوازشریف کا پورا خاندان مختلف قسم کے مقدمات کا سامنا کر رہا ہے ان کے ماموں زاد کی راولپنڈی میں پرکشش پوسٹ پر تعیناتی پر حیرت کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔