اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاک بحریہ کے زیر انتظام 62واں گوادر ڈے انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا، پاک نیوی کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل ایم راشد جاوید ستارہ امتیاز(ملٹری) کی طرف سے جاری ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ یوم گوادر کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب گوادر میں پاک بحریہ کے یونٹ پی این ایس اکرم میں ہوئی جس میں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے،دیگر تقریبات میں بوٹ ریلی،پاکستان نیوی ہیلی کاپٹرز اور ایس ایس جی کمانڈوز کی پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ شامل تھا،مقامی افراد اور معززین کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش وخروش سے تقریبات میں شرکت کی،ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ گوادر 1958 میں پاکستان کا حصہ بنا، گوادر میں پہلی بار پاکستان کا پرچم لہرانے کا اعزاز بھی پاک بحریہ کی پلاٹون کو حاصل ہے،پاک بحریہ گوادر کے عوام اور ساحلی پٹی کی خوشحالی کیلئے پر عزم ہے۔