اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے مسلم لیگ(ن)کے رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ اور ظاہری آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب ریفرنس میں انکی جانب سے دائر درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کے دوران احتساب عدالت لاہورسے تمام زیر سماعت مقدمات کی تفصیل طلب کرلی ہے ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ حمزہ شہباز کی میرٹ پر ضمانت پہاڑ سر کرنے والی بات ہوگی، جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ عدالت سے میرٹ پر کوئی آبزرویشن نہ لیں، ملزم سے منسوب اکائونٹس کا جائزہ لیا تو مشکل ہو جائیگی۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس یحیٰ آفریدی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کی، جسٹس یحیٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے کہ ٹرائل کورٹ میں کسی کیساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے ،جسٹس مشیر عالم نے حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز سے کہا کہ بہتر ہوگا عدالت سے میرٹ پر کوئی آبزرویشن نہ لیں۔