بھارتی فضائیہ کے دباؤ پر بالی ووڈ اسٹار انیل کپور کو معافی مانگنا پڑگئی۔
بھارتی معروف ہدایت کار انوراگ کشپ اور انیل کپور نے آن لائن پلیٹ فارم کے لیے ’ اے کے بمقابلہ اے کے‘ شوٹ کی، جو رواں ماہ ریلیز ہونی ہے۔
اس ویب سیریز میں انیل کپور نے بھارتی فضائیہ کے افسر کا رول ادا کیا ہے، انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے فلم کا ٹیزر جاری کیا تو مداحوں نے اسے خوب پسند کیا۔
وہیں بھارتی فضائیہ نے تفریح کے لیے بنائی گئی سیریز میں خامی نکال ہی لی اور اعتراض کیا کہ وردی پہن کر انیل کپور نے ایسے مکالمے کیوں بولے؟
بھارتی فضائیہ نے بالی ووڈ اسٹار انیل کپور کے فلم کے ٹیزر میں فورس کی وردی کے استعمال پر بھی ناگواری کا اظہار کیا۔
اس پر بالی ووڈ میں کئی سو فلموں میں شاندار پرفارمنس دینے والے انیل کپور نے ویڈیو پیغام جاری کیا اور اس میں معافی بھی مانگی اور اپنے عمل کو نادانستہ قرار دیا۔
ایئرفورس نے کہا کہ ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کی وردی پہن کر غلط اور نامناسب زبان استعمال کی اور ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان مناظر کو فلم سے ہٹادیا جائے۔
انیل کپور نے ویڈیو پیغام میں ساتھ ہی وضاحت بھی کہ ان مناظر کا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ویڈیو ایسے آفیسر سے متعلق ہے جو اپنی بیٹی کی تلاش میں ہے۔