لاہور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت بند گلی میں آگئی، ملک سیاسی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وقت آ گیا کہ ایماندار، صالح قیادت کے انتخاب کیلئے عوام جماعت اسلامی کی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بار کونسل کے نومنتخب اراکین کے اعزاز میں منصورہ میں منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے سامنے اڑھائی سالوں میں مکمل ایکسپوز ہو گئی۔ وزیراعظم جھوٹے وعدوں پر کب تک لوگوں کو تسلیاں دیں گے۔ وزراء کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔ملک ایک گھمبیر سیاسی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پھر کہتا ہوں کہ شفاف الیکشن کے لیے سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا۔حکومت اور اپوزیشن اتحاد عوام کو بے وقوف بنانے کی سیاست ترک کر دیں۔امیر جماعت اسلامی نے اپوزیشن اراکین کی پکڑ دھکڑ اور ان کے خلاف مقدمات کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم کو ان کا وعدہ یاد دلایا کہ اگر اپوزیشن احتجاج کریگی تو انہیں کنٹینر مہیا کروں گا۔سراج الحق نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن جماعتوں کا آئینی حق ہے۔ وزیراعظم کہا کرتے تھے کہ وہ خودکشی کر لیں گے، لیکن کسی کے سامنے کشکول لے کر نہیں جائیں گے،مگر اقتدار پر براجمان ہونے کے فوراً بعد انہوں نے یورپ، امریکہ، ایشیا سمیت کوئی براعظم نہیں چھوڑا اور پیرس کلب، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت کوئی ادارہ نہیں چھوڑا جہاں وہ جھولی پھیلا کر نہ پہنچے ہوں۔