• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلے کے بعد مشیر ای سی سی کی صدارت نہیں کر سکتے، رضا ربانی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے کے مطابق مشیر جو ای سی سی کےچیئرمین ہیں، وہ اس کے اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے۔ یہ فیصلہ مشیر کے بطور چیئرمین ای سی سی فیصلوں اور اقدامات پر اہم سوالات اٹھا رہا ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اس بات کو یقینی بنانے میں ناکام ہو گئی ہے کہ ایگزیکٹو آئین کی دفعات پر عمل کرے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا کہ مشیر ایگزیکٹو اتھارٹی کے کام میں نہ مداخلت کر سکتا ہے نہ اس پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔ کورٹ کے فیصلے کے مطابق مشیر وزارت کے کام اور اس کے پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 دسمبر کو فیصلے میں مشیروں کی نجکاری کی کابینہ کمیٹی میں تقرری کو منسوخ کر دیا ۔اس سےمشیروں اور معاون خصوصی کی سربراہی میں قائم تمام کمیٹیاں غیر فعال ہو گئی ہیں اور نجکاری کمیٹی کی جانب سے لیے گئے تمام فیصلے کالعدم ہو گئے ہیں ۔ حکومت اپنے سیاسی ایجنڈا کو تقویت دینے کیلئےآئینی دفعات میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ حکومتی اقدامات ملک کو انتظامی اور قانونی انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں جس کے وفاق پر تباہ کن اثرات ہوں گے۔

تازہ ترین