• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے حکومتی وزراء کی طرف سے رابطوں کے مریم نواز کے دعوے کو مسترد کردیا۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈپور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومتی وزرا نے مذاکرات کے لیے اپوزیشن اتحاد سے کوئی رابطے نہیں کیے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ در جھوٹ بول رہے ہیں، یہ اس کے ماہر ہیں۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ یہ دو سال تک چپ رہے، مختلف طریقوں سے ہمیں اپروچ کیا، ہم پر دباؤ ڈالا کہ انہیں این آر او دے دیا جائے۔


ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کو موجودہ صورتحال سے نکلنے کا راستہ دینے کو تیار ہیں مگر این آر او نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ان کی حالت یہ ہے کہ جو اقدام انہیں آخر میں کرنے چاہیے تھے وہ غلطی سے پہلے کر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین مولانا فضل الرحمٰن کرپشن کے سلطان ہیں۔

شبلی فراز نے ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا تذکرہ کرنے کے بعد کہا کہ ایسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے طے کررکھا ہے کہ جو کچھ بھی ہوجائے ہم نے جلسے کرنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اندازہ ہے کہ جیسے جیسے سردی آئے گی، غیر ذمہ دار سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں بڑھیں گی اور کورونا پھیلے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وہ تو آگے بڑھتے جارہے ہیں لیکن جن جن شہروں میں جلسے ہوئے وہاں پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ بہت بڑھ گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا عکس اسپتالوں میں مريضوں کی صورت میں سامنے آنا شروع ہوگیا ہے۔

تازہ ترین