• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتشار پھیلانے کیلئے بیرونی سرمایہ لگایا جارہا ہے، شیخ رشید


وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کے حوالے سے کہا کہ یہ دو ماہ سے گلی گلی مہم چلارہے ہیں جبکہ عمران خان تمام مسائل کامیابی سے حل کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اندر سے انتشار پھیلانے کے لیے بیرونی سرمایہ لگایا جارہاہے، وہ لوگ ناکام ہوں گے۔

وزارت داخلہ ملنے کے بعد پہلی میڈیا گفتگو میں شیخ رشید نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر عمران خان سے بات نہیں ہوسکتی تو بتائیں آپ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں؟

وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن سے یہ بھی کہا کہ دل کی بات باہر نکالیں اور ہم بتائیں کہ آپ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں؟


انہوں نے حزب اختلاف کو مشورہ دیا کہ آپ مینار پاکستان سے سیاست میں نیچے جائیں گے، ہم نے بھی اسلام آباد میں 126 دن پڑاؤ کیا تھا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کے بھوکے اتوار بازار سجانے والوں سے عرض ہے کہ ملک سب سے عزیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ آپ کے جلسوں سے عمران خان کہیں جارہا تو وہ کہیں نہیں جارہا۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ سیاستدان کال دیتا ہے، گلی گلی دعوت نامے بانٹ کر خوار نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے اپنی ذمے داری کا پتا ہے اپوزیشن اتحاد کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، اگر یہ اپوزیشن ہوئی تو عمران اگلے الیکشن میں بھی انہیں ہرادے گا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس لانے کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں، انہیں دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تازہ ترین