• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM کا جلسہ، نون لیگیوں نے مینارِ پاکستان کے گیٹ کا تالا توڑ دیا


اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کل 13 دسمبر بروز اتوار کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے سلسلے میں لاہور کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر 5 کا تالا نون لیگی کارکنوں نے توڑ دیا۔

تالا توڑنے کے بعد نون لیگی کارکنوں نے اسٹیج کی تیاری کا سامان اندر پہنچا دیا جس کے بعد مینارِ پاکستان کے احاطے میں اسٹیج بنانے کا کام جاری ہے، مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں کرسیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔

گزشتہ رات بارش کے بعد مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں بعض جگہ پر پانی موجود ہے، جلسہ منتظمین کی جانب سے گراؤنڈ کی صفائی کے لیے کام جاری ہے۔

جلسہ گاہ میں بجلی کے انتظام کے لیے جنریٹر پہنچا دیئے گئے ہیں، جلسے میں روشنی کے انتظامات کے سلسلے میں گراؤنڈ میں سرچ لائٹیں لگا دی گئی ہیں، جبکہ ساؤنڈ سسٹم کی تنصیب کے لیے بھی کام جاری ہے۔

مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ آنے کا سلسلے بھی جاری ہے۔

لاہور میں مینار پاکستان کے سبزہ زار پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن اپنی پارٹیوں کے پرچم لگا رہے ہیں۔


مسلم لیگ نون کے عہدیدار عمران گورائیہ نے میڈیا کو بتایا کہ رات ہمارے جنریٹر پکڑے گئے تھے، رات لائٹ مہیا کرنے والوں کے دفاتر بند کرا دئیے گئے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وینڈر نے بڑی مشکل سے ہمیں سامان مہیا کیا ہے، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے جلسہ گاہ کے تمام داخلی گیٹس پر ماسک اور سینیٹائزر ہو گا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں کل 13 دسمبر کو جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہو گی، لاہور میں سیاسی سرکس لگانے والے اداکار ابا بچاؤ مہم تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی ڈوبتی کشتی سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دی ہیں۔



انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بلاول کے ترجمان کا استعفیٰ پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی کا آئینہ دار ہے، راج کماری صاحبہ کی ڈوبتی کشتی میں کوئی سوار نہیں ہو گا۔

ادھر مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کل لاہور میں جلسے کا اثر نظر آنے لگا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کے گھر سے حکومتِ پنجاب کی چیخوں تک 13 دسمبر کا اثر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ڈی جے بٹ اور بٹ کڑاہی والے کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی، کھانا کھایا مریم نواز نے اور بد ہضمی پوری حکومت کو ہو گئی، حکومت کو پتہ چل گیا ہے کہ جلسہ تو نہیں رکنے والا۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ ڈی جے بٹ اور بٹ کڑاہی والے کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی گئی، کھانا کھایا مریم نواز نے اور بد ہضمی پوری حکومت کو ہو گئی، حکومت کو پتہ چل گیا ہے کہ جلسہ تو نہیں رکنے والا۔

تازہ ترین