• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد 11 ہزار سے متجاوز

وفاقی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر طبی عملے کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

جاری کیئے گئے ایک اعلامیے میں وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر 11 ہزار 9 ہیلتھ کیئر ورکرز اب تک کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

سب سےزیادہ سندھ میں 3 ہزار 204 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، دوسرے نمبر پر خیبر پختون خوا میں 2 ہزار 847 ہیلتھ ورکز کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

پنجاب میں 2 ہزار 638 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، اسلام آباد میں 968، بلوچستان 610 اور آزاد کشمیر کا 456 طبی عملہ کورونا وائرس کا شکار ہوا ہے۔

وفاقی وزارتِ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں سب سے کم 210 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 729 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 71 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 116 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔


پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 724 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 45 ہزار 124 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 116 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین