برمنگھم (پ ر) سابق مشیر آزاد کشمیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ ایک طرف بھارتی افواج ایل او سی پرِ فائرنگ کرکے معصوم کشمیریوں کو شہید کررہی ہے، دوسری طرف پاکستانی اپوزیشن پی ڈی ایم کےسیاست دان مینار پاکستان پر جلسہ میں مصروف ہیں جیسے کشمیر فتح کرکے آئے ہیں۔ سعید مغل نے کہا کہ اگر اس قسم کے جلسے و جلوس مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کے لیے ہوتے تو آج آزادی کشمیر کی منزل قریب ہوتی۔ سعید مغل نے کہا میں پاکستانی اور کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کشمیری اپنی جنگ خود لڑکر آزادی لیں، انہوں نے کہا کشمیریوں کی آزادی کی جنگ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہزار سال لڑنے کا نعرہ لگایا تھا جس کو اسی اپوزیشن میں سے بعض سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں نے شہید کروا دیا تھا، عوام ان کو اچھی طرح جانتی ہے، یہ لوگ اپنے مفاد اور اپنے اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔